مضامین

میری نمازِ جنازہ وہ شخص پڑھائے!

حضراتِ گرامی! تاریخ کے اوراق میں بعض ایسی عظیم المرتبت شخصیات کے نام ثبت ہیں جن کی عظمت و رفعت، جن کے تقویٰ و طہارت اور جن کے زہد و عبادت کے تذکرے آج بھی اہلِ ایمان کے دلوں کو گرما دیتے ہیں۔ انہی برگزیدہ ہستیوں میں ایک نہایت بلند مقام رکھنے والے اللہ کے عظیم ولی، صاحبِ نسبت و معرفت، قطبِ وقت حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی رحمۃ اللہ علیہ بھی ہیں، جن کی کراماتِ عظیمہ اور احوالِ مبارکہ کا تذکرہ کتابوں میں محفوظ ہے۔

حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی رحمۃ اللہ علیہ جب اس دارِ فانی سے دارِ بقا کی طرف رخصت ہوئے تو آپ کے وصال کی خبر بجلی کی تیزی سے ہر خاص و عام، امیر و غریب، بادشاہ و گدا، مرد و عورت، بچے و بوڑھے تک پہنچ گئی۔ ہر طرف غم و اندوہ کی فضا چھا گئی۔ عقیدت مندوں کے دل مغموم، آنکھیں اشک بار اور ماحول سوگوار ہو گیا۔

آپ کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے لوگوں کا ایسا جمِ غفیر امنڈ پڑا کہ تاحدِ نگاہ انسانوں کے سروں کا سمندر دکھائی دیتا تھا۔ مخلوقِ خدا کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا ہجوم تھا، گویا ہر شخص اپنے محبوبِ روحانی کی آخری زیارت اور نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے بے قرار تھا۔ میدانِ وسیع و عریض لوگوں سے کھچا کھچ بھر چکا تھا۔

اس عظیم الشان اجتماع میں وقت کے بڑے بڑے قطب و ابدال، اولیائے کاملین، سلاطین و ملوک، امراء و رؤسا، علماء کرام و مفتیانِ عظام، عوام و خواص، غرض کہ ہر طبقے اور ہر شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ موجود تھے۔ سبھی صف بستہ کھڑے تھے اور نمازِ جنازہ ادا ہونے کا انتظار کر رہے تھے۔

اتنے بڑے مجمع میں اچانک ایک شخص نمودار ہوا۔ اس نے مجمع کے سامنے آکر نہایت سنجیدگی کے ساتھ عرض کیا:

"حضرات! میں حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی رحمۃ اللہ علیہ کا وصی ہوں۔ حضرت نے مجھے اپنا وصی مقرر فرمایا تھا۔ مجھے آپ کے سامنے ایک وصیت بیان کرنی ہے۔”

یہ سن کر تمام حاضرین متوجہ ہو گئے۔ اس وصی نے حضرت خواجہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی وصیت بیان کرتے ہوئے کہا:

"حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی رحمۃ اللہ علیہ نے مجھ سے فرمایا تھا کہ میری نمازِ جنازہ وہ شخص پڑھائے جس کے اندر چار خوبیاں پائی جاتی ہوں:

پہلی خوبی : میری نمازِ جنازہ وہ شخص پڑھائے جس کی بلوغت کے بعد سے آج تک کبھی تکبیرِ اولیٰ فوت نہ ہوئی ہو۔
دوسری خوبی : وہ شخص ایسا ہو کہ اس کی پوری زندگی میں کبھی نمازِ تہجد قضا نہ ہوئی ہو۔
تیسری خوبی : اس شخص نے اپنی زندگی میں کبھی کسی غیر محرم کی طرف غلط نگاہ نہ ڈالی ہو۔
چوتھی خوبی : وہ شخص عبادت و بندگی کا ایسا خوگر ہو کہ اس کی عصر سے پہلے کی چار رکعت سنت بھی کبھی قضا نہ ہوئی ہوں۔"

وصی نے جب یہ چار شرائط بیان کیں تو پورے مجمع پر سکوتِ مرگ طاری ہو گیا۔ ہر شخص ایک دوسرے کا چہرہ دیکھنے لگا۔ گویا زبانیں گنگ ہو گئیں، نگاہیں جھک گئیں اور دلوں پر ایک عجیب کیفیت طاری ہو گئی۔

ذرا تصور کیجیے! وہاں وقت کے بڑے بڑے اولیائے کرام، قطب و ابدال، سلاطین و ملوک، امراء و اغنیاء اور علماء و مشائخ موجود تھے، مگر ان چار صفات کا حامل کون ہے؟ ایسا کون مردِ مومن ہے جو ان تمام شرائط پر پورا اترتا ہو؟

کافی دیر تک مجمع پر خاموشی چھائی رہی۔ کوئی آگے بڑھنے کی جرأت نہ کر سکا۔ ہر شخص اپنے دامنِ عمل میں جھانک رہا تھا اور اپنے اعمال کا جائزہ لے رہا تھا۔

بالآخر کچھ دیر بعد ایک شخص نمودار ہوا۔ اس نے اپنے جسم پر چادر اوڑھ رکھی تھی۔ وہ مجمع کو چیرتا ہوا آہستہ آہستہ آگے بڑھنے لگا۔ لوگ حیرت و استعجاب کے عالم میں ایک دوسرے کو دیکھنے لگے کہ آخر یہ کون شخص ہے جو اتنے بڑے مجمع کے درمیان سے راستہ بناتا ہوا آگے بڑھ رہا ہے؟

وہ شخص لوگوں کی نگاہوں سے بے نیاز، پُرعزم قدموں کے ساتھ آگے بڑھتا چلا گیا، یہاں تک کہ حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی رحمۃ اللہ علیہ کے جنازے کے قریب پہنچ گیا۔

اس نے جنازے سے چادر ہٹائی، حضرت کے چہرۂ مبارک کی زیارت کی اور نہایت درد بھرے لہجے میں مخاطب ہو کر عرض کرنے لگا:

"حضرت! آپ تو اس دنیا سے رخصت ہو گئے، آپ تو انتقال فرما گئے، آپ تو پردہ فرما گئے، لیکن جاتے جاتے مجھے رسوا کر گئے! یہ وہ راز تھا جسے میرے اور آپ کے اور اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی نہیں جانتا تھا۔ یہ راز تو ہم تینوں کے درمیان تھا، مگر آج آپ نے اسے اس قدر بڑے مجمع کے سامنے ظاہر فرما دیا!”

یہ کہنے کے بعد اس شخص نے مجمع کی طرف رخ کیا اور اللہ تعالیٰ کو حاضر و ناظر جانتے ہوئے قسم کھا کر کہا:

"قسم بخدا! حضرت خواجہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی بیان کردہ چاروں خوبیاں میرے اندر موجود ہیں!”

اللہ اکبر! حضراتِ محترم! یہ دعویٰ کرنے والا کوئی عام شخص نہیں تھا، کوئی گوشہ نشین درویش نہیں تھا، کوئی ایسا شخص نہیں تھا جس کے ذمے دنیا کے معاملات اور رعایا کی ذمہ داریاں نہ ہوں، بلکہ یہ وقت کا بادشاہ، عظیم حکمران *شمس الدین التمش* تھا!

ذرا غور کیجیے! ایک بادشاہ کا یہ حال ہے! وہ بادشاہ جس کے کندھوں پر سلطنت کی ذمہ داریاں ہیں، جسے رعایا کے معاملات سنبھالنے ہیں، جسے ملک و ملت کے انتظامات دیکھنے ہیں، جس کے شب و روز بے شمار مصروفیات میں گزرتے ہیں، اس کے باوجود اس کی زندگی کا یہ عالم ہے کہ بلوغت کے بعد سے تکبیرِ اولیٰ کبھی فوت نہیں ہوئی، زندگی بھر تہجد قضا نہیں ہوئی، نگاہوں کی حفاظت کا ایسا اہتمام کہ کبھی کسی غیر محرم کی طرف غلط نظر نہیں ڈالی اور عبادت کا یہ ذوق کہ عصر سے پہلے کی چار رکعت سنت بھی کبھی قضا نہیں ہوئی!

یہ ہے وہ عظمتِ کردار! یہ ہے وہ استقامتِ عمل! یہ ہے وہ پابندیِ شریعت! اور یہ ہے وہ حقیقی کامیابی جس کا تعلق صرف زبان کے دعووں سے نہیں، بلکہ مسلسل محنت، مجاہدے، تقویٰ اور اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق سے ہے۔

حضراتِ گرامی!
جب ایک بادشاہ، جس کے پاس سلطنت کی بے شمار ذمہ داریاں ہیں، اپنی زندگی کو ان چار عظیم صفات سے آراستہ کر سکتا ہے، تو ہم کیوں نہیں کر سکتے؟

ہم دکاندار ہیں، تاجر ہیں، مزدور ہیں، ملازمت پیشہ ہیں، کوئی ٹھیلا لگاتا ہے، کوئی کاروبار کرتا ہے، کوئی محنت مزدوری کرتا ہے؛ ہماری مصروفیات آخر اس بادشاہ کی ذمہ داریوں سے بڑھ کر تو نہیں ہیں!

ہماری زندگیوں میں بھی صبح و شام آتے ہیں، ہمارے پاس بھی دن کے چوبیس گھنٹے ہیں، ہمارے سامنے بھی کاروبار اور دنیا کے تقاضے ہیں؛ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہم نے اپنی زندگی میں نماز کی پابندی کو اپنا شعار بنایا؟ کیا ہم نے تکبیرِ اولیٰ کی اہمیت کو سمجھا؟ کیا ہم نے تہجد کی لذت حاصل کرنے کی کوشش کی؟ کیا ہم نے اپنی نگاہوں کی حفاظت کا عہد کیا؟ کیا ہم نے سنتوں کی ادائیگی کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنایا؟

یاد رکھیے! اصل مسئلہ مصروفیات کی کثرت نہیں، بلکہ عزم و ارادے کی کمزوری ہے۔ جب دل میں اللہ تعالیٰ کی محبت جاگزیں ہو جائے، جب بندہ اپنے رب کی رضا کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لے، جب ارادہ مضبوط اور عزم پختہ ہو جائے تو مشکل سے مشکل راستے بھی آسان ہو جاتے ہیں۔

ہمیں چاہیے کہ آج ہی اپنے دل میں ایک پختہ عہد کریں کہ اپنی نمازوں کی حفاظت کریں گے، تکبیرِ اولیٰ کی پابندی کریں گے، تہجد کی عادت اپنانے کی کوشش کریں گے، اپنی نگاہوں کو پاکیزہ رکھیں گے اور سنتِ رسول ﷺ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔

کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے:
جواں ہو عزم تو تارے بھی توڑ سکتے ہیں
نہیں کٹھن کوئی کام آدمی کے لیے

قدم چوم لیتی ہیں خود آگے بڑھ کر منزل
مسافر اگر اپنی ہمت نہ ہارے

اللہ تعالیٰ ہمیں ان عظیم صفات کو اپنی زندگی میں اپنانے، نمازوں کی حفاظت کرنے، تقویٰ و طہارت اختیار کرنے اور اپنی زندگی کو اطاعت و بندگی سے مزین کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین!

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!