ناندیڑ میں ناقص معیار کی سڑک اور نالی کے کام کا الزام؛ تحقیقات کا مطالبہ
ساوری کر بلڈنگ سے نوگھاٹ برج تک سڑک کام میں مبینہ گھوٹالہ

ناندیڑ، 19 جون 2026 – ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 14 (موجودہ وارڈ نمبر 13) میں ساوری کر بلڈنگ سے نوگھاٹ برج تک بی ٹی روڈ اور آر سی سی ڈرینیج کے کام میں سنگین بے ضابطگیوں کا الزام سماجی کارکن محمد عرفان اللہ نے عائد کیا ہے۔ انہوں نے اس معاملے کی مکمل جانچ کرکے متعلقہ ٹھیکیدار اور افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کمشنر کو دیے گئے مکتوب کے ذریعے کیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ورک آرڈر نمبر 15921/2025 مورخہ 28 مارچ 2025 کے تحت ساوری کر بلڈنگ سے نوگھاٹ برج تک بی ٹی روڈ اور آر سی سی نالی کی تعمیر کا کام میسرز ابچل نگر انفراسٹرکچر کو دیا گیا تھا، لیکن الزام ہے کہ یہ کام آج تک مکمل نہیں کیا گیا۔
شکایت کے مطابق ٹھیکیدار نے صرف کربلا قبرستان کے ڈی پی تک ہی کام انجام دیا، جبکہ اس کے آگے کا پورا حصہ نامکمل ہے۔ مزید یہ کہ سڑک پر ضروری مٹی، مورم اور سیمنٹ استعمال کیے بغیر صرف تقریباً 0.25 انچ موٹی ڈامبر کی تہہ بچھائی گئی ہے۔ سڑک کے دونوں جانب نالیوں پر صرف آر سی سی سلیب لگائے گئے ہیں، جبکہ اصل نالی کی تعمیر ہی نہیں کی گئی۔
جنوری سے مارچ کے درمیان تیار کی گئی اس سڑک پر مئی کے مہینے سے ہی گڑھے پڑنا شروع ہوگئے اور کئی مقامات پر سڑک اکھڑ چکی ہے۔ نالیوں میں کچرا جمع ہونے سے ڈرینیج نظام بھی مکمل طور پر ناکارہ ہونے کا الزام لگایا گیا ہے، جس کے باعث مقامی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مزید برآں متعلقہ ٹھیکیدار پر بعض افسران کے ساتھ ملی بھگت کرکے کام مکمل ہونے کا “نو ڈیوز سرٹیفکیٹ” حاصل کرنے کا سنگین الزام بھی لگایا گیا ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ نائب انجینئر اور جونیئر انجینئر نے موقع کا معائنہ کیے بغیر کام مکمل ہونے کی رپورٹ جمع کرائی۔
محمد عرفان اللہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات نہ کی گئیں تو وہ انصاف کے لیے عدالت، پولیس انتظامیہ یا دیگر متعلقہ دفاتر سے رجوع کریں گے۔




