ناندیڑ کے پرانے شہر میں بجلی کے سنگین مسائل؛ SDPI کا مہاوترن کو فوری کارروائی کا مطالبہ

ناندیڑ، نمائندہ: سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI)، ناندیڑ کی جانب سے پرانے شہر علاقے میں جاری بجلی کے سنگین مسائل کے تعلق سے مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹریسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ (مہاوترن) کے سپرنٹنڈنگ انجینئر کو ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کیا گیا۔
میمورنڈم میں بتایا گیا کہ ناندیڑ کے پرانے شہر میں طویل عرصے سے بجلی کی فراہمی اور تقسیم کے نظام سے متعلق کئی سنگین مسائل برقرار ہیں۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور بجلی کی طلب کے مطابق نظام میں توسیع نہ ہونے کے سبب عام شہریوں، تاجروں اور طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
SDPI نے کہا کہ بار بار بجلی منقطع ہونا، ٹرانسفارمروں پر حد سے زیادہ لوڈ، خستہ حال بجلی کی لائنیں اور عملے کی کمی عوامی ناراضگی کا سبب بن رہی ہے۔
پارٹی نے اپنے مطالبات میں پرانے شہر میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے، نئے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر نصب کرنے، تمام ڈی پی کی معیاری ارتھنگ کرنے اور 25 سے 30 سال پرانی خستہ حال ایل ٹی لائنوں اور کنڈکٹروں کو فوری تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ دیگلور ناکہ، قدوائی نگر، ریلوے ٹریک اور بلال نگر فیڈرز کی سنگل لائن کو ڈبل لائن میں تبدیل کرنے، تمام فیڈرز پر اے بی سوئچ نصب کرنے اور بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگلور ناکہ علاقے میں نیا سب اسٹیشن قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
SDPI نے مزید مطالبہ کیا کہ مالٹیکڑی بجلی تقسیم دفتر میں موجود عملے کی تعداد موجودہ 7 سے بڑھا کر کم از کم 25 کی جائے تاکہ صارفین کی شکایات اور تکنیکی مسائل کا فوری ازالہ ممکن ہو سکے۔
پارٹی نے خبردار کیا کہ اگر ان مطالبات پر فوری کارروائی نہ کی گئی تو عوامی مفاد میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔




