مہاراشٹرا

پُرامن احتجاج کو دبانے کے لیے فوجداری مقدمات درج کرنا افسوسناک: بامبے ہائی کورٹ

سڑکوں کی خستہ حالی کے خلاف احتجاج کرنے والے شخص کو بڑی راحت؛ عدالت نے ایف آئی آر اور چارج شیٹ منسوخ کردی

ممبئی: بامبے ہائی کورٹ نے ایک اہم فیصلے میں واضح کیا ہے کہ پُرامن احتجاج کرنے والے شہریوں کے خلاف محض احتجاج میں شرکت کی بنیاد پر فوجداری مقدمات درج کرنا جمہوریت کے لیے انتہائی افسوسناک عمل ہے۔ عدالت نے سڑکوں کی خراب حالت کے خلاف احتجاج کرنے والے ایک شخص کے خلاف درج ایف آئی آر اور چارج شیٹ کو منسوخ کردیا۔

یہ معاملہ مہاراشٹر کے ضلع چندرپور کے ناندگاؤں علاقے کا ہے، جہاں رواں سال جنوری میں سڑکوں کی خستہ حالی کے خلاف مقامی شہریوں نے احتجاج کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ خراب سڑک کے باعث ایک گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی تھی، جس کے بعد مقامی لوگوں نے سڑک تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار اور محکمہ تعمیرات عامہ کے لاپروا افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا۔

اس احتجاج میں شرکت کے الزام میں نشکرس نمگڑے کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔ پولیس کا الزام تھا کہ مظاہرین غیر قانونی طور پر جمع ہوئے اور انہوں نے سڑک پر ٹریفک روک دی تھی۔ اس کے بعد نمگڑے نے اپنے خلاف درج ایف آئی آر اور چارج شیٹ کو منسوخ کرنے کے لیے بامبے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

معاملے کی سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے آئین کی دفعہ 19(1)(b) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے شہریوں کو پُرامن طریقے سے اور بغیر ہتھیاروں کے اجتماع کرنے کا بنیادی حق حاصل ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس حق پر قانونی پابندیاں ضرور عائد کی جاسکتی ہیں، لیکن غیر واضح الزامات کی بنیاد پر شہریوں کے جمہوری حقوق کو دبایا نہیں جاسکتا۔

عدالت نے مزید کہا کہ جب تک احتجاج کرنے والے افراد تشدد، قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے یا سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے جیسی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہوتے، تب تک ان کے پُرامن احتجاج کو روکنے کے لیے فوجداری مقدمات کا سہارا نہیں لیا جانا چاہیے۔

ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ احتجاج کے آئینی حق اور فوجداری کارروائی کے درمیان فرق برقرار رکھنا ضروری ہے۔ اگر پُرامن احتجاج کرنے والوں کو مقدمات کے ذریعے خاموش کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ جمہوریت کے لیے انتہائی افسوسناک ہوگا۔

عدالت نے درخواست گزار کے خلاف فوجداری کارروائی کو عدالتی عمل کا غلط استعمال قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف درج ایف آئی آر اور چارج شیٹ منسوخ کرنے کا حکم دیا۔ اس فیصلے کو شہریوں کے پُرامن احتجاج اور آئینی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!