یکساں سول کوڈ کے مجوزہ قانون کے خطرناک نتائج سے آگاہی کے لیے جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کاتربیتی کیمپ
زیادہ سے زیادہ سرکاری پورٹل پر جواب درج کرائیں: مولانا حلیم اللہ قاسمی

ممبئی 9؍ نومبر جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے زیر اہتمام صابو صدیق مسافر خانہ میں ممبئی، تھانے ، پالگھراور کوکن کی تمام مقامی یونٹوں کے صدور و نظماء اعلیٰ کی ایک اہم تربیتی میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس نشست میں حکومتِ مہاراشٹر کی جانب سے جاری کردہ یکساں سول کوڈ (UCC) کے سوالنامے کی نوعیت، شریعت اسلامی اور امورِ دین میں اس کی صریح مداخلت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، نیز حکومت کے سرکاری پورٹل پر اس کے متعلق جوابات درج کرانے کا عملی طریقہ کار پروجیکٹر کے ذریعہ سمجھایا گیا۔
میٹنگ کا باقاعدہ آغاز مفتی حفیظ اللہ قاسمی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مولانا حیات اللہ نعیم قاسمی نے بارگاہِ رسالت مآب میں نعتِ شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ اجلاس کی نظامت جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مفتی محمد یوسف قاسمی نے حسن و خوبی کے ساتھ انجام دی۔

تربیتی نشست کے دوران جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے میٹنگ کے اغراض و مقاصد کو بیان کرتے ہوئے یو سی سی کے سوالنامے اور اس کے جواب میں تیار کردہ نکات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر پروجیکٹر کے ذریعہ شرکاء کو پورٹل پر آن لائن جواب اپلوڈ کرنے کا طریقہ مفتی ابو ایوب قاسمی نے مرحلہ وار دکھایا اور سمجھایا۔
اخیر میں مولانا حلیم اللہ قاسمی نے تمام شرکاء اور صوبہ میں بسنے والے تمام باشندوں سے اس اہم کام کو جنگی پیمانہ پر منظم طریقہ سےکرنے کی اپیل کی۔ انہوں یہ بھی کہا کہ کچھ سوالا ت پیچیدہ اور عام فہم سے پرے ہیں ،اس لئے عوام کی آسانی کے لئے جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے جوابات کا ایک فارمیٹ تیار کیا ہے،آپ جواب دہی میں اس سے مدد لے سکتے ہیں۔

جواب دہی کے لئے اس لنکhttps://jumaharashtra.com/ucc-survery/ یا بار کوڈ کو اسکین کر سکتے ہیں۔
نشست کے آخری مرحلے میں شرکاء کی جانب سے کئے گئے مختلف اشکالات کے تشفی بخش جوابات دیے گئے تاکہ تمام مقامی یونٹیں اپنے اپنے علاقوں میں اس مہم کو مؤثر انداز میں آگے بڑھا سکیں۔




