ضلع ناندیڑ میں 31 مئی تک دفعہ 144 اور اسلحہ بندی کا نفاذ

ناندیڑ، 16 مئی: ضلع ناندیڑ میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے مقصد سے 17 مئی کی صبح 6 بجے سے لے کر 31 مئی 2025 کی آدھی رات تک اسلحہ بندی اور دفعہ 144 (جماؤ بندی) کے احکامات نافذ رہیں گے۔ یہ معلومات ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ کے دفتر سے فراہم کی گئی ہیں۔
یہ احکامات ممبئی پولیس ایکٹ 1951 کی دفعہ 37 (1) اور (3) کے تحت نافذ کیے گئے ہیں، جن کے مطابق پانچ یا پانچ سے زیادہ افراد کا عوامی مقامات یا ان کے آس پاس ممنوعہ سرگرمیوں کے لیے جمع ہونا ممنوع ہوگا۔
البتہ، یہ احکامات پولیس اہلکاروں، سرکاری ملازمین، شادی، جنازے، مذہبی پروگراموں، میلوں اور ان تقریبات پر لاگو نہیں ہوں گے جن کی مخصوص اجازت مجاز افسران کی جانب سے دی گئی ہو۔
پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلسے، جلوس نکالنے، مظاہرے کرنے، یا لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے لیے اجازت دینے کا اختیار ضلع کے پولیس اسٹیشن انچارج افسران اور ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کی جانب سے مقرر کردہ دیگر پولیس افسران کو حاصل ہوگا۔
عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا تعاون کریں اور کسی بھی غیرقانونی اجتماع یا سرگرمی سے گریز کریں۔