ایئر انڈیا طیارہ حادثہ کے باعث کانگریس کی مشعل ریالی ملتوی

ناندیڑ:احمدآباد ایئرانڈیا حادثہ کے پس منظر میں جمعہ 13؍جون کوناندیڑ میں کانگریس کی جانب سے نکالے جانے والے مشعل جلوس کو ملتوی کردیاگیاہے۔ آج احمد آباد میں ایئر انڈیا کا ایک مسافر طیارہ المناک حادثے کا شکار ہوگیا، جس میں 242 مسافرین اور کچھ عملے کے ارکان سوار تھے۔ اس سانحے میں ممکنہ طور پر بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔ یہ حادثہ نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔
اس افسوسناک واقعہ پر مہاراشٹرا پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکاڑ کی ہدایت پر ریاستی کانگریس کی جانب سے آئندہ تین دنوں تک سوگ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ افسوس ناک ہوائی حادثہ کے سبب ناندیڑ شہر و ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے آج مورخہ 13 جون 2025 جمعہ کو منعقد کیا جانے والاعظیم الشان مشعل جلوس فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اس طرح کی اطلاع ضلع صدروسابق ایم ایل اے ہنمنت راؤ پاٹل بیٹ موگرے کر، شہر صدر عبدالستار نے دی ہے۔