SIO نانڈیڑ کے اِرتقاع ایجوکیشنل فیسٹ میں شاندار سائنسی نمائش؛ راج اُردو پرائمری اسکول کے 800 طلباء نے ماڈلز اور پروجیکٹس کا معائنہ کیا

نانڈیڑ: اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (SIO) نانڈیڑ کے زیرِ اہتمام اِرتقاع ایجوکیشنل فیسٹ کے سلسلے میں حیدر گارڈن میں ایک جامع اور معلوماتی سائنسی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کے متعدد اسکولوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ نمائش میں رکھا گیا ہر ماڈل طلباء میں تخلیقی سوچ، سائنسی شعور اور تکنیکی سمجھ بوجھ کو اُبھارنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔
راج اُردو پرائمری اسکول کے جماعت سوّم سے ہشتم تک کے تقریباً 800 طلباء اپنے اساتذہ کی نگرانی میں نمائش میں پہنچے۔ طلباء نے فزکس، کیمسٹری، بایولوجی، ماحولیات، مایاوی سسٹم، روبوٹکس اور روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والی سائنسی ایجادات کے ماڈلز کا نہایت دلچسپی سے مشاہدہ کیا۔ کئی طلباء نے اسٹال پر موجود ماہرین اور طلباء سے سوالات بھی کیے اور مختلف تجربات کو خود انجام دے کر عملی سمجھ حاصل کی۔

اس موقع پر اسکول کے صدر مدرس محمد صابر نے کہا کہ اس طرح کی سائنسی سرگرمیاں طلباء کے اندر تحقیق کا جذبہ پیدا کرتی ہیں اور انہیں کتابی علم سے آگے بڑھ کر عملی دنیا کی سائنس کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
نمائش میں اساتذہ محمد عبدالمحسن، پٹھان لیاقت علی، محمد حسب الدین، عبدالخلیل، سمیع اللہ اور دیگر خاتون معلمات بھی موجود تھیں، جنہوں نے طلباء کے گروپس کی رہنمائی کرتے ہوئے مختلف پروجیکٹس کی وضاحت کی۔
اسی دوران محمد ذاکر راج نے بھی مختلف اسٹالز کا تفصیلی جائزہ لیا اور طلباء کو سائنسی ماڈلز کی اہمیت اور اُن کے عملی استعمال کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کا مقصد طلباء میں سائنسی سوچ کو مضبوط کرنا اور انہیں مستقبل میں سائنسی و تکنیکی میدانوں میں آگے بڑھنے کے لیے حوصلہ فراہم کرنا ہے۔
نمائش کے اختتام پر طلباء نے اس طرح کی مزید سرگرمیوں کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی اور اس پروگرام کو نہایت معلوماتی اور دلچسپ قرار دیا۔




