اوسہ شہر میں گندگی کا راج۔ صفائی کا نظام ٹھپ، ڈینگی ملیریا کا خطرہ ، فوری اقدامات نہ کیے جانے پر احتجاج کا انتباہ
ایم آئی ایم کےمقامی سربراہ سید مظفر علی انعامدار

لاتور(محمد مسلم کبیر)ضلع لاتور کے اوسہ شہر میں جگہ جگہ گندگی کی سلطنت پھیل گئی ہے اور شہریوں کی صحت خطرے میں پڑ گئی ہے۔ شہر کے کئی علاقوں میں نالیاں بھری پڑی ہیں، کچرا اٹھانا بند ہے اور کچرا گاڑیوں اور صفائی کا کام گزشتہ چند دنوں سے مکمل طور پر ٹھپ ہے۔ ایم آئی ایم کے سید مظفر علی انعامدا ر نے الزام لگایا ہے کہ اس سے ڈینگو اور ملیریا جیسی سنگین بیماریوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
اس سلسلے میں ایم آئی ایم اوسہ کے سربراہ سید مظفر علی انعامدار نے میونسپل کونسل کے چیف آفیسر کو ایک تحریری بیان دیتے ہوئے صفائی مہم کو فوری طور پر شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ میونسپل کونسل میں صفائی ملازمین کی موجودگی کے باوجود شہر میں صفائی کا کام نہیں کیا جاتا۔ زبانی پوچھ گچھ کے دوران انکشاف ہوا کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے کام پر موجود نہیں تھے۔
شہر کی اہم شاہراہوں، اندرونی گلی محلوں میں، ناليوں کے بھرے جانےاور عوامی مقامات پر کچرے کی بڑی مقدار جمع ہے اور بدبو سے شہری پریشان ہیں۔ ایم آئی ایم کے سربراہ سید مظفر علی انعامدار نےیہ بھی کہا کہ بچوں، بوڑھوں اور خواتین کی صحت خطرے میں ہے۔
ایم آئی ایم نے میونسپل کونسل کو تنبیہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پورے شہر کی صفائی فی الفور مستقل صفائی کارکنوں سے کروائی جائے، نالوں کی صفائی کی جائے اور بندشدہ اسٹریٹ لائٹس کو فوری طور پر لگایا جائے۔
اگر فوری ایکشن نہ لیا گیا تو میونسپل کونسل کے سامنے کچرا پھینکنے کا احتجاج کیا جائے گا۔ ایم آئی ایم نے انتظامیہ سے اس کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔




