مہاراشٹرا

جمعیۃعلماء مہاراشٹر (ارشد مدنی)نے ہونہار طلبہ و طالبات کے لئے20؍ لاکھ روپئے کے اسکالرشپ کے چیک جاری کئے

اسکالر شپ کی پہلی فہرست میں 350؍درخواستیں منظور،21؍غیر مسلم طلبہ بھی شامل ، 19؍ LLB/LLM؍کے طلبہ بھی ،ہنوز سلسلہ جاری
ممبئی: مفتی کفایت اللہ میموریل ٹرسٹ، ممبئی جو کہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا ایک ذیلی ادارہ ہے،ہر سال ہونہار طلبہ و طالبات کو اسکالر شپ فراہم کرتا ہے۔

درجہ پنجم تا بارہویں جماعت کے مستحق اور ہونہار طلبہ و طالبات میں اسکالرشپ تقسیم کرنے کی ایک باوقار تقریب جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی کی صدارت میں ریاستی دفتر واقع امام باڑہ کمپائونڈ ممبئی میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پرطلبہ و طالبات کی جانب سے موصولہ درخواستوں کی پہلی حتمی فہرست میں350 ؍ درخواستیں منظور کی گئیں، جن میں 21 ؍غیر مسلم طلبہ و طالبات بھی شامل ہیں۔ اور 19؍ ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کے طلبہ و طالبات کو اسکالرشپ کا چیک دیا گیا۔جس کی مکمل رقم 20؍لاکھ ہوتی ہے ۔

واضح رہے کہ پوسٹ گریجویشن ،پروفیشنل کورسس اور میڈیکل کے طلبہ و طالبات کے لئے فارم کے اجراءکا سلسلہ ہنوزجاری ہے۔
اس تقریب میں رکن راجیہ سبھا جناب اروند ساونت ، رکنِ اسمبلی امین پٹیل، کانگریس پار ٹی ممبئی کے ترجمان نظام الدین راعین، سریش بابوچورٹ(پولس انسپکٹر لاء اینڈ آرڈر سر جے جے پولیس اسٹیشن ) ،سنتوش شندے( وبھاگ پر مکھ سائوتھ ممبئی) سمیت جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے نائب صدر مولانا محمد عارف عمری، جنرل سکریٹری مفتی محمد یوسف قاسمی، ناظم تنظیم مفتی حفیظ اللہ قاسمی،معاون خازن قاری محمد یونس چودھری،حافظ محمد عارف انصاری ، مختلف یونٹوں کےذمہ داران و نمائندے اور بڑی تعداد میں معزز شہری شریک ہوئے۔
جناب اروند ساونت ممبر آف پارلیمنٹ نے کہا کہ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو افراد اور قوموں کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ انہوں نے مفتی کفایت اللہ میموریل ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستحق طلبہ کی مالی معاونت ایک بہترین سماجی خدمت ہے، جس سے بے شمار طلبہ کے تعلیمی خواب شرمندۂ تعبیر ہوں گے۔

جناب امین پٹیل (ایم ایل اے) نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کے لیے تعلیم میں سرمایہ کاری سب سے مؤثر سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے رفاہی ادارے نوجوان نسل کو بااعتماد اور خودمختار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور حکومت و سماجی اداروں کو مل کر تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہیے۔
نظام الدین راعین، ترجمان کانگریس پارٹی ممبئی نے کہا کہ بلاامتیاز مذہب و ملت مستحق طلبہ کی مدد کرنا حقیقی انسانیت کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی کفایت اللہ میموریل ٹرسٹ نے غیر مسلم طلبہ کو بھی اسکالرشپ دے کر قومی یکجہتی، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کا عملی پیغام دیا ہے۔

حاجی بشیر موسیٰ پٹیل چیرمین محمد حاجی صابو صدیق مسافر خانہ و سابق ایم۔ ایل۔ اے نے بھی ٹرسٹ کی خدمات کو سراہا ۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی، صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ تعلیم اسلام کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہے، اور قوم کی ترقی علم کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر ہمیشہ تعلیمی، سماجی اور رفاہی خدمات میں پیش پیش رہی ہے، اور مفتی کفایت اللہ میموریل ٹرسٹ کے ذریعے مستحق طلبہ کی مسلسل سرپرستی کی جا رہی ہے تاکہ کوئی بھی ہونہار طالب علم صرف مالی مجبوری کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔

اس پروگرام کی نظامت جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مفتی محمد یوسف قاسمی نے کی ۔
آخر میں ٹرسٹ کے ذمہ داران نے تمام مہمانانِ ، مخیر حضرات، جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ذمہ داران، مقامی یونٹوں کے نمائندوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ مزید وسیع پیمانے پر اسکالرشپ پروگرام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!