یومِ جمہوریہ کے موقع پر عبدالحمید خان غضنفرؔ کی کتاب ’’500 ضمیر کو جگانے والے‘ پسندیدہ اشعار‘‘کا شاندار رسمِ اجراء

ہنگولی: 27جنوری (نامہ نگار) یومِ جمہوریہ کے پْرمسرت موقع پر آج ضلع پریشد اردو پرائمری اسکول، جولہ پنچال، تعلقہ کلمنوری، ضلع ہنگولی میں ایک باوقار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں جناب عبدالحمید خان غضنفرؔ کی پی ڈی ایف شکل میں مرتب کردہ گراں قدر تصنیف ’’500 ضمیر کو جگانے والے‘ پسندیدہ اشعار‘‘ کا رسمِ اجراء صدر مدرس عالی جناب محمد عامر کے ہاتھوں عمل میں آیا۔تقریب میں اسکول کے معزز اساتذہ

کرام اسلم معراج، سید نور بابو، سلمیٰ بیگم، شیخ رفیق، محمد وسیم قریشی اور وجئے اِنگولے موجود تھے۔اس موقع پر اساتذہ کرام اور طلبہ و طالبات نے عبدالحمید خان غضنفرؔ کی اس اصلاحی کاوش کی بھرپور ستائش کی اور انھیں مبارک باد پیش کی۔ حاضرین نے اس بات کا اعتراف کیا کہ یہ کتاب طلبہ و طالبات میں اصلاح و احساس کے تئیں انقلابی تبدیلی لاسکتی ہے، نیز اساتذہ کرام کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگی۔ واضح رہے کہ
موصوف اس سے قبل بھی پانچ اہم تصانیف ’’125 تعمیری، اصلاحی و تحریکی اقوالِ زرّین‘‘ (حصہ اوّل و دوم)، ’’500 تحریکی، پسندیدہ اشعار‘‘ اور ’’اقوالِ زرّین،شکوے شکایتوں کا آئینہ‘‘ اور ’’500 تحریکی اقوالِ زرّین و 100 اشعار‘‘شائع کرچکے ہیں جو علمی حلقوں میں پذیرائی حاصل کرچکی ہیں۔ ان کا آن لائن ’’ اعتبار نیوز پورٹل‘‘ پر مستقل کالم ’’ تحریک طالب علم‘‘ میں تحریکی شخصیات، پسندیدہ اشعار، جنرل نالج، لطائف و اقوال زرّین ہر اتوار کو شائع ہوتے رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ اِن کے مضامین ملک کے ممتازرسائل و اخبارات جیسے روزنامہ تہلکہ ٹائمز ناندیڑ، روزنامہ منصف حیدرآباد، ماہنامہ سائنس نئی دہلی، ماہنامہ اْمنگ دہلی، میں بھی شائع ہوچکے ہیں۔




