عید ملن پروگرام جماعتِ اسلامی ہند، اردهاپور

جماعتِ اسلامی ہند، اردهاپور کے زیرِ اہتمام عید ملن پروگرام کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس باوقار تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے جماعتِ اسلامی ہند کے معروف مراٹھی ترجمان جناب ڈاکٹر رفیق پارنیرکر صاحب کو مدعو کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ شہرِ اردهاپور کی معزز شخصیات میں تحصیلدار، محکمۂ پولیس سے پی آئی، نگر پنچایت کے سی ای او، اور سرکاری میڈیکل آفیسرکو بھی مدعو کیا گیا تھا جن میں سے میڈیکل آفیسرڈاکٹر ڈاڈھاڈےنے شرکت فرمائی۔ ان معزز مہمانوں کی موجودگی نے پروگرام کو مزید وقار بخشا۔
الحمدللہ، یہ پروگرام اپنے مقاصد کے اعتبار سے نہایت کامیاب رہا۔ اس کا بنیادی مقصد سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا، مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط کرنا، اسلام سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ کرنا اور اسلام کی حقیقی تعلیمات کو مثبت انداز میں پیش کرنا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ موجودہ نفرت آمیز ماحول کو محبت، بھائی چارہ اور اخوت میں تبدیل کرنے کا پیغام بھی دیا گیا۔
مہمانِ خصوصی ڈاکٹر رفیق پارنیرکر صاحب نے نہایت مؤثر، دلنشین اور سادہ انداز میں خطاب فرمایا۔ انہوں نے عیدالفطر، ماہِ رمضان، روزہ، زکوٰۃ اور صدقۂ فطر جیسے اہم موضوعات پر روشنی ڈالتے ہوئے انسانیت، فطرت اور دینِ اسلام کو ایک فطری مذہب کے طور پر بہترین انداز میں پیش کیا، جسے سامعین نے بے حد سراہا۔
پروگرام کے دوران مہمانوں کی تواضع کے لیے شیر خورمہ کا بھی عمدہ نظم کیا گیا تھا، جس نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔ اس تقریب میں تقریباً 150 برادرانِ وطن اور 60 دینی بھائیوں نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت امیرِ مقامی جناب جاوید چوہدری صاحب نے انجام دی، جبکہ نظامت کے فرائض رکنِ جماعت جناب شاہد صدیقی صاحب نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ آخر میں دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔




