دلخراش سڑک حادثہ؛ مہرون کے اشفاق خان جاں بحق
"ضرورت مندوں کے ہمدرد، سیاسی و سماجی خدمت گار کی ناگپور–ممبئی ہائی وے پر المناک موت"

جلگاؤں( عقیل خان بیاولی)
ورن گاؤں کے قریب ناگپور–ممبئی قومی شاہراہ پر ایک افسوس ناک حادثے میں اقصیٰ نگر مہرون جلگاؤں کے رہائشی اشفاق خان تصور خان (عمر 47) موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ اطلاع کے مطابق مرحوم اپنی سیٹر رکشہ میں جلگاؤں سے مکتائی نگر (عادل آباد) نارئیل کی ٹرپ پر جا رہے تھے کہ مخالف سمت سے رانگ سائیڈ آنے والے ایک کرین نے ان کی آٹو رکشہ کو زوردار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ رکشہ مکمل طور پر تباہ ہو
گئی اور ڈرائیور اشفاق خان نے موقعے پر ہی دم توڑ دیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ورن گاؤں پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور نعش کو سرکاری اسپتال منتقل کیا ۔ پولیس نے کرین ڈرائیور کے خلاف معاملہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔اشفاق خان ایک معروف سماجی و سیاسی کارکن تھے۔ وہ ڈرائیونگ کے پیشے کے ساتھ ساتھ اپنے فراغت کے وقت میں ضرورت مند مریضوں اور مستحقین کی مختلف مدوں میں رہنمائی و
امداد کیا کرتے تھے۔ ان کی اچانک موت سے علاقے میں شدید غم و اندوہ کی فضا ہے۔مرحوم اپنے پسماندگان میں بیوہ چار بیٹیاں، ایک بیٹا، والدین اور چھوٹے بھائی بہنیں چھوڑ گئے ہیں۔ گھر کے واحد ذمہ دار فرد کے انتقال سے اہل خانہ صدمے میں مبتلا ہیں۔ قانونی نقطۂ نظر سے متوفی کے اہل خانہ کو سرکاری اسکیموں کے تحت حادثاتی بیمہ، روڈ ایکسیڈنٹ معاوضہ، PM Suraksha Bima Yojana، اور انٹائٹل ریسکیو فنڈ جیسے فوائد مل سکتے ہیں۔ پولیس کی جانب سے درج مقدمہ اور پنچنامہ اہل خانہ کو قانونی کارروائی میں مدد فراہم کی جانی چاہئے۔




