ایجوکشن

ناندیڑ واگھالا میونسپل کارپوریشن اسکول نمبر ۱۲ حیدر باغ میں یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا

ناندیڑ: ناندیڑ واگھالا شہر میونسپل کارپوریشن اسکول نمبر ۱۲، حیدر باغ میں 15 اگست یومِ آزادی کا جشن بڑے ہی جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ پروگرام کا آغاز صبح 7 بجے پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد شاندار ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

ثقافتی پروگرام میں طلبہ و طالبات نے یومِ آزادی، آزادی کی جدوجہد اور حب الوطنی کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ طلبہ نے اردو، مراٹھی اور انگریزی تینوں زبانوں میں تقاریر پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ طلبہ و طالبات نے حب الوطنی کے گیتوں پر خوبصورت حرکاتی رقص پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔

اس موقع پر اسکول کے صدر مدرس جناب راجہ پٹیل عبدالمطلب( پٹیل سر) نے آزادی کی تاریخ اور مجاہدینِ آزادی کی قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ کو ملک کی ترقی، اتحاد اور بھائی چارے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔

وارڈ نمبر 11 کے معزز میونسپل کارپوریٹر صاحبان نے بھی یومِ آزادی کے موقع پر طلبہ و طالبات، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد پیش کی اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران جماعت چہارم کے اسکالرشپ امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرکے اسکالرشپ ہولڈر بننے والے طلبہ و طالبات کا ان کے والدین کے ہمراہ خصوصی استقبال کیا گیا۔ کامیاب طلبہ کو میمنٹو، سرٹیفکیٹ اور انعامات پیش کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

اس شاندار تقریب کو کامیاب بنانے میں اسکول کے اساتذہ معظم خان، مہجبین بیگم، نکہت پروین، تبسم، فاطمہ، سلطانہ بیگم، نیلوفر بیگم اور قرۃ العین نے بھرپور محنت اور لگن سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ اساتذہ کی انتھک محنت اور طلبہ کی بھرپور تیاری کے باعث یومِ آزادی کی تقریب نہایت شاندار اور یادگار رہی۔

تقریب میں طلبہ، والدین، اساتذہ، میونسپل کارپوریٹر صاحبان اور معززینِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پورا اسکول احاطہ حب الوطنی کے جذبے، قومی ترانے اور وطن سے محبت کے نعروں سے گونج اٹھا۔ آخر میں ملک کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!