ضلع

ہمایت نگر میں نئے قبرستان کی 7 ایکڑ زمین کی پیمائش مکمل، جلد ترقیاتی کاموں کا آغاز

ہمایت نگر (نمائندہ) – ہمایت نگر کے عیدگاہ کے عقب میں واقع نئے قبرستان کی تقریباً 7 ایکڑ اراضی کی باضابطہ پیمائش کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی گئی ہے۔ یہ اہم اقدام عوامی منتخب نگر صدر رفیق سیٹھ اور جامع مسجد کمیٹی کے صدر مجیب خان صاحب کی قیادت میں انجام پایا، جسے مقامی عوام کی دیرینہ ضرورت قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق علاقے میں آبادی میں مسلسل اضافہ ہونے کے باعث قبرستان کی جگہ ناکافی پڑ رہی تھی، جس کے پیش نظر نئی زمین مختص کر کے اس کی پیمائش (موجنی) کا عمل شروع کیا گیا تھا۔ اب پیمائش مکمل ہونے کے بعد قبرستان کی حدبندی واضح ہو گئی ہے، جس سے آئندہ ترقیاتی کاموں میں آسانی ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ آئندہ چند دنوں میں اس جگہ کے اطراف مضبوط تار کمپاؤنڈ لگانے، داخلی راستوں کی بہتری، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور بڑے پیمانے پر شجرکاری کا عمل شروع کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی قبرستان کے اندر راستوں کی منصوبہ بندی اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات بھی زیر غور ہیں، تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر مقامی معززین اور سماجی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کام علاقے کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ایک مثبت قدم ہے۔

زمین کی پیمائش کے دوران نگر صدر شیخ رفیق سیٹھ، جامع مسجد کمیٹی کے صدر مجیب خان، شفیع احمد، اسجد، قریشی، دولت خان، جاوید خطیب، شیخ ربانی پہلوان، شیخ سلیم بھائی، عظیم ہندوستانی، شیخ زبیر، شیخ خضر اور جمیل احمد سمیت دیگر افراد شریک رہے۔

مقامی شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ اسی طرح سنجیدگی کے ساتھ دیگر عوامی مسائل کو بھی حل کرے گی اور اس قبرستان کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا، تاکہ آنے والے وقت میں کسی قسم کی کمی یا دشواری پیش نہ آئے۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!