میونسپل کارپوریشن الیکشن میں کانگریس کو اکثریت حاصل ہوگی : عبدالستار

ناندیڑ۔ 11؍ جون ( نامہ نگار ):مہاراشٹرا میں ریاستی حکومت نے گزشتہ کل میونسپل کونسل اور میونسپل کارپوریشن الیکشن کے لیے پربھاگوں کی تشکیل کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد اب جلد ہی مہاراشٹرا میں مقامی خود اختیاری اداروں کے الیکشن ہونے والے ہیں۔ ناندیڑ ضلع کانگریس پارٹی کا ایک مضبوط ترین قلعہ ہے۔ ناندیڑ کی عوام آج بھی کانگریس کے ساتھ ہے ۔
آنے والے میونسپل کارپوریشن الیکشن میں کانگریس پارٹی کو ہی اکثریت حاصل ہوگی اس طرح کا بیان کانگریس کے شہر صدر عبدالستار نے دیا۔ پارٹی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کے پچھلے سال لوک سبھا کے دو انتخابات میں بھی کانگریس کو جیت حاصل ہوئی اسمبلی انتخابات میں شہر میں دونوں ہی نشست کم ووٹوں سے کانگریس کے ہاتھ سے چھوٹ گئی۔ پچھلے دنوں ناندیڑ میں ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں عوام کی بھر پور تائید پارٹی کو حاصل رہی ۔
آج بھی ناندیڑ شہر میں عوام کی پہلی پسند کانگریس پارٹی ہے ۔ کانگریس پارٹی تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلتی آرہی ہے اور پارٹی میں تمام ہی مذہب اور سماج کے لوگ ایمانداری سے کام کر رہے ہیں۔ آئندہ ہونے والے ناندیڑ میونسپل کارپوریشن الیکشن میں سابق کی طرح ہی کانگریس کو اکثریت حاصل ہونے کا دعویٰ عبدالستار نے کیا۔