قومی

گودھرا ٹرین سانحہ اٹھارہ سالوں سے جیل میں قید مسلم ملزم کی ضمانت منظور

جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی ) قانونی امداد کمیٹی کی پیروی

نئی دہلی23 ؍نومبر گودھرا ٹرین سانحہ مقدمہ میں گجرات ہائی کورٹ سے عمر قید کی سزا پانے والے ایک مسلم ملزم کی آج سپریم کورٹ آف انڈیا نے خرابی صحت کی بنیاد پر مشروط ضمانت عرضداشت منظور کی ۔ ملزم کے مقدمہ کی پیروی جمعیۃ علماء مہاراشٹرا (ارشد مدنی ) قانونی امداد کمیٹی نے کی ۔

ملزم کے دفاع میں سینئر ایڈوکیٹ ایس ناگا متھو عدالت میں پیش ہوئے ۔ جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پرسنا بی ورالے نے سینئر ایڈوکیٹ ایس ناگا متھو اور گجرات ہائی کورٹ کی نمائندگی کرنے والی ایڈوکیٹ سواتی گھیلدیال کی بحث کی سماعت کے بعد فیصلہ صادر کیا ۔ ملزم عرفان سراج پاڈا(جوگذشتہ اٹھارہ سالوں سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے مقید ہے)کی جیل میں طبیعت ناساز ہے ۔ سرکاری وکیل نے پہلے تو ملزم کو ضمانت پررہا کیئےجانے کی مخالفت کی لیکن جب عدالت نے ملزم کےضمانت پر رہا کیے جانےکا اشارہ دیا، تو سرکاری وکیل نے عدالت سے گذارش کی کہ ملزم کی ضمانت پر رہائی کا فائدہ دوسرے ملزمین کو نہیں ملنا چاہیے کیونکہ دوسرے ملزمین پر سنگین الزامات ہیں ۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں تحریر کیا کہ ملزم عرفان کو میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت پر رہا کیاجاتا ہے ۔ سینئر ایڈوکیٹ ایس ناگا متھو کے ساتھ ایڈوکیٹ آن ریکارڈ قرۃالعین نے پیروی کی ۔

گزشتہ سال سپریم کورٹ آف انڈیا نے 27؍ فروری 2002 کو ایودھیا سے بذریعہ سابرمتی ٹرین لوٹ رہے 59؍کار سیوکوں کومبینہ طور پرزندہ جلانے کے الزام کے تحت گجرات ہائی کورٹ سے عمر قید کی سزا پانے والے ملزمین کی اپیلوں پر حتمی سماعت کررہی تھی، لیکن اسی درمیان جج کی سبکدوشی کی وجہ سے معاملہ التوا کا شکار ہوگیاتھا ۔جس کے بعد ملزم عرفان کی ضمانت عرضداشت پر سماعت کئے جانے کی عدالت سے گذارش کی گئی تھی ۔

ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹرکے توسط سے گجرات ہائی کورٹ سے عمر قید کی سزا پانے والے 31؍ ملزمین نے سپریم کورٹ آف انڈیا میں اپیل داخل کی تھی۔ ملزمین کی جانب سے اپیلیں 2018 میں داخل کی گئی تھی۔
گودھر ا مقدمہ اپنی نوعیت کا ایک بہت بڑا مقدمہ ہے جس میں تحقیقاتی دستوں نے قتل، اقدام قتل اور مجرمانہ سازش کے الزامات کے تحت 94؍ مسلم نوجوانوں کو گرفتار کیا تھا اور ان کے خلاف مقدمہ چلایا گیا، جہاں نچلی عدالت نے ثبوتوں کی عدم موجودگی کے سبب 63؍ ملزمین کو باعزت بردی کردیا تھا وہیں 20؍ ملزمین کو عمر قید اور 11؍دیگر ملزمین کو پھانسی کی سزاسنائی گئی تھی۔۹؍ اکتوبر2017 کو گجرا ت ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ کے جسٹس اننت ایس دوے اور جسٹس جی آر وادھوانی نے اپنے 987؍صفحات پر مشتمل فیصلہ میں ایک جانب جہاں نچلی عدالت سے ملی عمر قید کی سزاؤں کو برقرار رکھا تھا وہیں پھانسی کی سزاؤں کو عمر قید میں تبدیل کرکے ملزمین کو کچھ راحت دی تھی ۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!