مہاراشٹرا

کیپٹن پروفیسر ڈاکٹر غوث احمد شیخ کو ’’میجر‘‘ کے اعلیٰ عہدے پر ترقی

سولاپور (اِقبال باغبان ) : ایس۔ایس۔اے آرٹس اینڈ کامرس کالج، سولاپور کے شعبۂ اردو کے نائب صدر اور این سی سی کے آفیسر کیپٹن پروفیسر ڈاکٹر غوث احمد شیخ کو ڈی جی این سی سی، نئی دہلی کی جانب سے ’’میجر‘‘ کے معزز اور اعلیٰ عہدے پر ترقی دی گئی ہے ۔اس سے قبل وہ بہ حیثیت کیپٹن اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس موقع پر نائن مہاراشٹر بٹالین این سی سی کے کمانڈنگ آفیسر کرنل رندھیر ستیش اور لیفٹیننٹ کرنل شرب بابر نے اپنے دستِ مبارک سے ڈاکٹر غوث احمد شیخ کو میجر کا رینک لگایا اور انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


اس پروقار تقریب میں سوبیدار میجر کرشنا سبکوٹہ، سوبیدار یو۔این۔ شاہو، سوبیدار پردیپ کدم، سوبیدار گورکھ ناتھ، نائک سوبیدار مہیش برگنڈے، بی۔ایچ۔ایم گوپی ناتھ بوڈکے کے علاوہ کالج کے کارگزار پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اقبال تامبولی اور پروفیسر ڈاکٹر زین الدین ملا بھی موجود تھے، جنہوں نے ڈاکٹر غوث احمد شیخ کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر غوث احمد شیخ گزشتہ پندرہ برسوں سے این سی سی آفیسر کی حیثیت سے نہایت خلوص، نظم و ضبط اور جذبۂ خدمت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کرنل رندھیر ستیش نے کہا کہ این سی سی ملک کی واحد تنظیم ہے جو یونیفارم کے ساتھ اپنی ایک منفرد شناخت رکھتی ہے۔ آج این سی سی کیڈٹس کی تعداد تقریباً بیس لاکھ تک پہنچ چکی ہے، اور یہ تنظیم نوجوانوں میں وطن سے وفاداری، حب الوطنی، ایثار، اتحاد، امن، بھائی چارہ، انسان دوستی اور قومی یکجہتی کے جذبات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ این سی سی کے تحت مختلف سالانہ کیمپس منعقد کیے جاتے ہیں، جن کے ذریعے کیڈٹس کی ہمہ جہت شخصیت سازی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ آج ہندوستان میں قومی یکجہتی اور انسان دوستی کے فروغ کے لیے این سی سی کیڈٹس مثالی کردار ادا کر رہے ہیں۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر غوث احمد شیخ اردو زبان کی تدریسی خدمات کے ساتھ ساتھ این سی سی کی ذمہ داریاں بھی نہایت حسن و خوبی سے نبھا رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں این سی سی کے تحت منظم انداز میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، جن میں خون عطیہ کیمپ، شجرکاری مہم، صفائی مہم، جسمانی صحت و تندرستی سے متعلق بیداری پروگرام اور خاص طور پر کیڈٹس میں خود اعتمادی اور نظم و ضبط پیدا کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔

آخر میں نائن مہاراشٹر بٹالین این سی سی کے تمام اسٹاف کی جانب سے ڈاکٹر غوث احمد شیخ کو دلی مبارکباد پیش کی گئی، جبکہ اہلیانِ اردو نے بھی اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!