اندیڑ میں SDPI کی جانب سے کیڈر کنونشن اور ضلع ورکنگ کمیٹی میٹنگ کا انعقاد۔

ناندیڑ: سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا SDPI کی جانب سے آج ناندیڑ میں ایک اہم کیڈر کنونشن اور ضلع ورکنگ کمیٹی میٹنگ منعقد کی گئی۔ SDPI ایک سیکولر سیاسی پارٹی ہے جو ملک بھر میں سرگرمِ عمل ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے ناندیڑ میں سیاسی و سماجی میدان میں عوامی مسائل کے حل اورحصولِ انصاف کے لیے کام کر رہی ہے۔
آج 26 مئی کو SDPI کے نیشنل ورکنگ کمیٹی ممبر اور مہاراشٹر اسٹیٹ انچارج جناب عبد الحنان صاحب ناندیڑ تشریف لائے، جن کی صدارت و رہنمائی میں کیڈر کنونشن اور ضلع ورکنگ کمیٹی میٹنگ منعقد ہوئی۔

صبح 12 بجے کیڈر کنونشن کا آغاز ہوا جس میں پارٹی کے تمام کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بنگلور، کرناٹک سے تشریف لائے عبدالحنان صاحب نے موجودہ ملکی حالات پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اس بات کو واضح کیا کہ آج کے حالات میں SDPI کیوں ضروری ہے۔ انہوں نے کارکنان کو لگن، محنت اور خلوص کے ساتھ عوامی خدمت انجام دینے کی تلقین کی اور پارٹی کے نظریات کو گھر گھر پہنچانے پر زور دیا۔
اس کے بعد ضلع ورکنگ کمیٹی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع اور برانچ سطح کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر اور عوام سے جڑے مختلف مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ خاص طور پر SIR کے معاملے پر سنجیدگی کے ساتھ تبادلۂ خیال ہوا۔ اس موقع پر فیصلہ لیا گیا کہ SIR سے متعلق عوام کو ہر طرح کی معلومات فراہم کی جائیں گی اور پارٹی کی جانب سے ہیلپ ڈیسک کے ذریعے ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
اجلاس میں شہر میں صفائی ستھرائی، پانی، سڑکوں اور ڈرینج جیسے بنیادی مسائل پر بھی گفتگو ہوئی اور ان مسائل کو حل کرنے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی تیار کرنے پر زور دیا گیا۔

اس کے علاوہ 21 جون کو منائے جانے والے SDPI کے "یومِ تاسیس” کے تعلق سے بھی تبادلۂ خیال کیا گیا کہ اسے کس طرح مؤثر انداز میں منایا جائے۔ ساتھ ہی “ممبر سازی” کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جو 21 جون سے 21 جولائی تک چلائی جائے گی۔ اس مہم کے ذریعے نوجوانوں اور مختلف طبقات کو پارٹی سے جوڑنے اور پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کی حکمتِ عملی تیار کی گئی۔
اس موقع پر ضلع ورکنگ کمیٹی میں نئے اراکین کو بھی شامل کیا گیا اور انہیں مختلف ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ پارٹی قائدین نے امید ظاہر کی کہ نئے ذمہ داران عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اٹھانے اور پارٹی کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
میٹنگ میں اعجاز احمد شیخ(مہاراشٹر اسٹیٹ خازن)،احمر ندیم(ضلع صدر)، سید ضیاء الدین ذبیر(ضلع جنرل سیکریٹری)، عبد الحسیب (ضلع جنرل سیکریٹری)، محمد نظیر (ضلع سیکریٹری)، محمد ریاض (ضلع خازن)،کے علاوہ ضلع کمیٹی ممبران عبدالحفیظ ، اکبر خان، محمد رفیق، سمیت مختلف ڈپارٹمنٹس کے انچارج اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ آنے والے دنوں میں SDPI ناندیڑ میں مزید مضبوطی کے ساتھ عوامی مسائل کے حل، سماجی انصاف اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے میدانِ عمل میں سرگرم رہے گی۔




