ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور قلت کے خلاف کانگریس کا منفرد احتجاج
بیل گاڑی میں موٹر سائیکل رکھ کر پٹرول پمپ تک ریلی، خواتین کا علامتی چولہا جلا کر احتجاج

ناندیڑ، نمائندہ : بڑھتی مہنگائی، ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور شہر میں پٹرول و ڈیزل کی قلت کے خلاف ضلع کانگریس ناندیڑ کی جانب سے پیر کے روز منفرد انداز میں زبردست احتجاج کیا گیا۔ مہاتما پھولے مجسمہ کے سامنے شروع ہونے والے اس احتجاج نے شہریوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں نے عام شہریوں، کسانوں، مزدوروں اور گاڑی مالکان کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔

احتجاج کا آغاز مہاتما پھولے مجسمہ پر خراجِ عقیدت پیش کرکے کیا گیا، جس کے بعد کانگریس کارکنان، عہدیداران اور خواتین کی بڑی تعداد نے احتجاج میں شرکت کی۔ ایندھن کی قلت سے عوام کو درپیش دشواریوں کو اجاگر کرنے کے لیے کارکنان نے ایک بند پڑی موٹر سائیکل کو بیل گاڑی میں رکھ کر پٹرول پمپ تک ریلی نکالی۔ اس کے ذریعے یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی کہ اگر ایندھن کی قلت برقرار رہی تو عوام کو دوبارہ پرانے دور کی طرف لوٹنا پڑے گا۔
خواتین نے بھی احتجاج میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور سڑک پر علامتی چولہا جلا کر کھانا تیار کرتے ہوئے گیس کی قلت اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف آواز بلند کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عام گھرانوں کا بجٹ بری طرح متاثر کیا ہے اور ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ خواتین کے لیے سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔

مہاتما پھولے مجسمہ سے پٹرول پمپ تک نکالی گئی ریلی کے دوران کارکنان نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ’میلوڈی‘ چاکلیٹ تقسیم کرتے ہوئے حکومت پر طنزیہ انداز میں تنقید بھی کی گئی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ایندھن کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے، پٹرول و ڈیزل کی قلت ختم کرکے باقاعدہ سپلائی بحال کی جائے اور عوام کو مہنگائی سے راحت فراہم کی جائے۔
اس احتجاج کے باعث کچھ دیر کے لیے علاقے میں خاصی گہما گہمی دیکھی گئی، جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نے اس منفرد احتجاج کو دلچسپی سے دیکھا۔





