اسلامی

ناندیڑ میں قضیہ فلسطین پر عظیم الشان جلسہ عام

مقررین نے استقامت اور اتحاد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا

ناندیڑ، 18 اکتوبر (نمائندۂ خصوصی):
مسلم نمائندہ کونسل ناندیڑ کے زیر اہتمام قضیہ فلسطین کے عنوان پر ایک اہم اور پراثر جلسہ عام گزشتہ شب حیدر گارڈن، مال ٹیکڑی روڈ میں منعقد ہوا ۔ جلسہ کا ماحول جذبہ ایمانی اور فلسطینی عوام کے ساتھ والہانہ یکجہتی کے اظہار سے معمور تھا۔

پروگرام کا آغاز

پروگرام کا آغاز محترم جناب مفتی عمران صاحب، امام و خطیب قبا مسجد ناندیڑ نے تلاوت کلام پاک سے کیا، جس سے ماحول روح پرور ہو گیا۔
اس کے بعد ایڈوکیٹ نصیر فاروقی صدر مسلم نمائندہ کونسل ناندیڑ نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے فلسطین کے مسئلہ کو امت مسلمہ کی غیرت و حمیت کا اصل امتحان قرار دیا اور عوام سے اتحاد کی اپیل کی۔
جبکہ نظامت سید عمران، جنرل سیکریٹری مسلم نمائندہ کونسل ناندیڑ نے انجام دی۔

نوجوان نسل کا ولولہ انگیز اظہار

جلسہ کی روح پرور فضا کو مزید مؤثر بنانے میں بچوں کی شرکت نے نمایاں کردار ادا کیا۔
کاروانِ عقاب (IYF) چلڈرن ونگ سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبہ واصف حسین اور شماس قاسم نے جذبۂ ایمانی سے لبریز ترانے پیش کیے۔
ان کے پرجوش اور دلوں کو بیدار کرنے والے ترانوں پر سامعین نے نہایت محبت و تحسین کا اظہار کیا۔
ان معصوم مگر باہمت آوازوں نے نہ صرف ماحول کو جذبۂ جہاد و ایمان سے سرشار کر دیا بلکہ یہ پیغام بھی دیا کہ فلسطین کی جدوجہد کا شعور نسلِ نو کے دلوں میں بھی پوری قوت کے ساتھ زندہ ہے۔

مقررین کے کلیدی نکات

🔹محترم مفتی عزیر صاحب

امام و خطیب مسجد افض العلوم حضرت پیر برہان، ناندیڑ
انہوں نے فلسطینی عوام کو عہد حاضر کے مجاہدین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں امت مسلمہ کے ایمان کو تازہ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استقامت، صبر اور شہادت کا جذبہ ہی عزت و نجات کا راستہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالم اسلام کو اپنے داخلی اختلافات ترک کر کے ایک مشترکہ موقف اختیار کرنا چاہیے۔

🔹جناب حافظ محمد ہارون نظامی

فارغ التحصیل جامعہ نظامیہ
انہوں نے فلسطین کی دو سالہ مزاحمتی تحریک کا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی بڑی طاقتیں فلسطینی عوام کے عزم کو توڑنے میں ناکام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ اپنی فکری صلاحیتوں کو مسلم امہ کی رہنمائی کے لیے بروئے کار لائیں۔

🔹 مولانا مشتاق فلاحی صاحب (اردھاپور)

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطین کا مسئلہ صرف ایک خطۂ زمین کا نہیں بلکہ امت مسلمہ کے ایمان، عقیدہ اور قبلہ اول کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلمانوں کو سیاسی، معاشی اور اخلاقی اعتبار سے خودکفالت حاصل کرنا ہوگی تاکہ عالمی سطح پر اپنی آواز کو مؤثر بنایا جا سکے۔

🔹جناب ضیاء الدین صدیقی صاحب

صدر کل جماعتی ویفاق مہاراشٹر، امیر وحدتِ اسلامی
انہوں نے عالمی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی جدوجہد دراصل باطل کے مقابلے میں حق کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج فلسطین کے مسئلہ پر ہم خاموش رہے تو مستقبل میں قبلہ اول کا تحفظ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملی اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے عملی میدان میں آئیں۔

جلسہ کا اختتام

جلسہ کا اختتام فلسطین کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عالم اسلام خصوصاً بھارت کے مسلمانوں کے اتحاد و استحکام کے لیے حافظ عبدالرزاق صاحب(امام و خطیب مسجد انوارول مساجد) کے دعا پر ہوا۔

مسلم نمائندہ کونسل کے سیکرٹری ایڈوکیٹ ندیم پٹھان نے تمام شرکائے جلسہ کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی ایسے بامقصد پروگرام منعقد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!