سوڈان سے حیدرآباد پہنچنے والے مسافر میں ایبولا وائرس کی علامات، محکمۂ صحت الرٹ

حیدرآباد: شمس آباد کے راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سوڈان سے آنے والے ایک مسافر میں ایبولا وائرس سے متعلق علامات اور سفری ہسٹری سامنے آنے کے بعد محکمۂ صحت حرکت میں آگیا۔
ذرائع کے مطابق محمد نامی مسافر جمعرات کے روز سوڈان سے حیدرآباد پہنچا۔ ہوائی اڈے پر قائم حکومتی اسکریننگ مرکز میں طبی جانچ کے دوران ڈاکٹروں نے اس کی حالت مشتبہ پائی اور ایبولا وائرس سے متعلق ہسٹری کی نشاندہی کی۔
احتیاطی تدابیر کے تحت مسافر کو فوری طور پر گاندھی اسپتال کے آئسولیشن سنٹر منتقل کردیا گیا، جہاں اسے طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق مسافر کے نمونے حاصل کرکے جانچ کے لیے سی سی ایم بی روانہ کردیئے گئے ہیں۔
محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ رپورٹ موصول ہونے تک صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے گی، جبکہ عوام کو غیر ضروری تشویش سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔




