کولہاپور میں جمعیۃ علماء کا عظیم الشان اصلاحِ معاشرہ اجلاس: رزقِ حلال اور باہمی اتحاد پر زور کولہاپور؍ مہاراشٹر

29 ستمبر جمعیۃ علماء ضلع کولہاپور کے زیرِ اہتمام روشن مسجد گراؤنڈ (اچل کرنجی) میں ایک عظیم الشان اصلاحِ معاشرہ اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں علماء، ائمہ اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز مولانا اظہر سید کی تلاوتِ قرآنِ کریم اور مفتی عمران قاسمی کی نعتِ پاک سے ہوا۔

اجلاس کی صدارت جناب حافظ معین الدین ملا (صدر جمعیۃ علماء ضلع کولہاپور) نے فرمائی، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا مجیب اللہ قاسمی (جنرل سکریٹری، جمعیۃ علماء ضلع کولہاپور)نے انجام دیے۔ اجلاس میں جمعیۃ علماء کا ترانہ قاری اشفاق باغبان نے پیش کیا۔
اجلاس کے مہمانِ خصوصی و مقررِ خصوصی حضرت مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی، صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر و نائب امیرِ شریعت مہاراشٹر تھے۔
انہوں نے رزقِ حلال، اتباعِ سنت اور مخلوق کی خدمت کے موضوع پر نہایت پرمغز اور بصیرت افروز خطاب فرمایا۔
مولانا نے فرمایا کہ اعمال کا دارومدار رزقِ حلال پر ہے۔ اگر پیٹ میں لقمہ حلال ہوگا تو اعضاء سے اعمالِ صالحہ سرزد ہوں گے، اور اگر اعضاء سے گناہوں کی کثرت ہو رہی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ہمارا لقمہ مکمل حلال نہیں ہے۔
مزید برآں، انہوں نے مدارس، خانقاہوں اور جمعیۃ علماء کے باہمی اتحاد پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ امت میں تبلیغ و دعوت کا کام تبلیغی جماعت، تعلیم کا کام مدارس، اور خدمتِ خلق کا کام جمعیۃ علماء کر رہی ہے۔ اس ملک میں مسلمانوں کی بقاء و ترقی کے لیے تینوں کا متحد رہنا ضروری ہے۔
حافظ معین الدین ملانے خطبہ صدارت میں جمعیۃ علماء کے پیغام کو عام کرنے اور تنظیم کو مزید مضبوط و منظم بنانے پر زور دیا۔
اس موقع پر مولانا عبد المجیب، حافظ عرفان آجرہ، حافظ لیاقت، مولانا حبیب اللہ، حافظ وسیم، ڈاکٹر عبد المنان شیخ، حافظ محمد علی وغیرہ سمیت کثیر تعداد میں علماء، ائمہ اور عوام نے شرکت کی۔
جاری کردہ:مولانا مجیب اللہ قاسمی
جنرل سکریٹری، جمعیۃ علماء ضلع کولہاپور




