تفریح

شاہ رخ خان کے بنگلے ‘منّت’ پر بی ایم سی اور محکمہ جنگلات کی جانچ، مرمتی کام پر ضابطہ خلاف ورزی کا خدشہ

ممبئی، 21 جون: بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان ان دنوں ممبئی کے مشہور بنگلے ‘منّت’ میں بڑے پیمانے پر رینوویشن کروا رہے ہیں، لیکن اس مرمتی کام کے سلسلے میں اب کچھ قانونی پیچیدگیاں سامنے آ رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، بی ایم سی (BMC) اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ ٹیم نے جمعہ کو ’منّت‘ کا معائنہ کیا تاکہ یہ جانچ کی جا سکے کہ مرمت و توسیع کے تمام کام قانونی منظوریوں کے مطابق ہو رہے ہیں یا نہیں۔

یہ جانچ بی ایم سی کو موصول ہونے والی ایک شکایت کے بعد کی گئی ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ سمندر کے کنارے واقع اس تاریخی بنگلے میں کوئسٹل ریگولیشن زون (CRZ) ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیراتی کام ہو رہا ہے۔ اطلاع ہے کہ ’منّت‘ میں دو مزید منزلیں تعمیر کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے لیے مہاراشٹر کوسٹل زون مینجمنٹ اتھارٹی (MCZMA) سے خصوصی اجازت درکار ہوتی ہے۔

شاہ رخ خان کی منیجر پوجا ددلانی نے اس حوالے سے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ “تمام مرمتی کام قانون و ضوابط کے دائرے میں رہ کر کیے جا رہے ہیں، اور کسی قسم کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے”۔

جانچ کے دوران بی ایم سی کے ایچ-ویسٹ وارڈ کے افسران، بلڈنگ پروپوزل ڈپارٹمنٹ اور محکمہ جنگلات کے اہلکار موجود تھے۔ ایک افسر کے مطابق، منّت میں موجود اسٹاف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام مطلوبہ دستاویزات اور اجازت نامے جلد پیش کیے جائیں گے۔

اس معاملے کو مزید ہوا اس وقت ملی جب سابق آئی پی ایس افسر اور موجودہ وکیل وائی پی سنگھ نے دعویٰ کیا کہ ’منّت‘ دراصل ایک ہیریٹیج بلڈنگ ‘وِلا ویانا’ ہے، جس کا نام بعد میں بدلا گیا۔ ان کے مطابق، 2005 میں اس کے پیچھے ایک سات منزلہ عمارت تعمیر کی گئی تھی، جس کے لیے مبینہ طور پر اربن لینڈ سیلنگ ایکٹ کے تحت اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی۔ سنگھ نے یہ بھی الزام لگایا کہ شاہ رخ خان نے 12 چھوٹے فلیٹس کے لیے اجازت لی تھی، لیکن بعد میں ان فلیٹس کو جوڑ کر ایک لگژری ریذیڈنس میں تبدیل کر دیا گیا، جو قانونی ضابطوں کی خلاف ورزی ہے۔

دوسری جانب، گوری خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ’منّت‘ کی تزئین نو کا کام ابھی ایک سال مزید جاری رہے گا، اور وہ اس منصوبے کو “بے حد شاندار” قرار دے چکی ہیں۔ اسی دوران، شاہ رخ خان اپنے اہل خانہ سمیت پالی ہل، باندرہ کے ایک کرائے کے لگژری ڈوپلیکس میں مقیم ہیں، جس کا کرایہ مبینہ طور پر 24 لاکھ روپے ماہانہ بتایا جا رہا ہے۔ یہ اپارٹمنٹ فلم ساز باسو بھگنانی کی ملکیت ہے۔

فی الحال سب کی نظریں بی ایم سی و محکمہ جنگلات کی جانچ رپورٹ پر مرکوز ہیں، جو طے کرے گی کہ آیا ’منّت‘ کے مرمتی کام ضابطے کے مطابق ہیں یا نہیں۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!