رمضان میں بلا تعطل بجلی فراہمی کا مطالبہ، کارپوریٹرس کی مہاوترن کومکتوب

ناندیڑ: رمضان المبارک کے پیش نظر ناندیڑ شہر میں باقاعدہ اور بلا تعطل بجلی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے عوامی نمائندوں نے مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹرسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ (مہاوترن) کے چیف انجینئر، ناندیڑ پریمنڈل کو ایک تحریری مطالباتی مکتوب پیش کیا ہے۔

مکتوب میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک مسلم برادری کے لیے نہایت مقدس اور مذہبی اعتبار سے انتہائی اہم مہینہ ہے۔ اس دوران روزانہ سحری، افطار اور رات کی نمازوں کے اوقات میں بجلی کی مسلسل فراہمی نہایت ضروری ہوتی ہے۔ مگر اس وقت ناندیڑ شہر کے مختلف علاقوں میں بار بار بجلی کی بندش کے واقعات پیش آ رہے ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو خاص طور پر رمضان میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مطالبے میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ کئی مرتبہ جمعہ کے دن دوپہر کی نماز سے قبل لوڈ بڑھنے کا سبب بتا کر مختلف آبادیوں میں بجلی کی سپلائی منقطع کر دی جاتی ہے۔ اسی طرح گزشتہ برس کے تجربات کے مطابق رمضان کے دوران سحری اور افطار کے اوقات میں بھی بجلی بند رہنے کی شکایات سامنے آئی تھیں۔ بجلی کی عدم فراہمی سے مذہبی عبادات، گھریلو کام کاج متاثر ہوتے ہیں جبکہ بزرگ افراد، خواتین اور چھوٹے بچوں کو بھی سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوامی نمائندوں نے خبردار کیا کہ اس صورتحال سے عام صارفین میں بے چینی پھیلتی ہے اور امن و امان کا مسئلہ پیدا ہونے کے امکانات کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
کارپوریٹرس نے اپنے مطالبے میں کہا ہے کہ رمضان کے دوران ناندیڑ شہر میں کسی بھی وجہ سے غیر ضروری لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ جن فیڈرز پر اوورلوڈ کا خدشہ ہو وہاں پیشگی مرمت اور دیکھ بھال کی جائے اور ضرورت پڑنے پر نئے فیڈرز قائم کیے جائیں۔ ساتھ ہی متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر (شہر ڈویژن) کو ہدایت دی جائے کہ رمضان کے پورے مہینے باقاعدہ، ہموار اور مناسب وولٹیج کے ساتھ بجلی کی سپلائی برقرار رکھی جائے۔
مذکورہ مکتوب پر دستخط کرنے والوں میں
سید مجیب سید مختار (کارپوریٹر، وارڈ 13، گروپ لیڈر)، سید معین سید مختار(AIMIM)، فیروز خان لالا(AIMIM)، مرزا امجد بیگ (AIMIM) اشونی دشرتھ دھونگڑے، عبداللطیف عبدالماجد، قریشی ریحانہ بیگم، بیبی شائستہ محمد سلمان خان، آسیہ بیگم عبدال حبیب باغوان، سید فسی الدین سید ولی الدین، ایڈوکیٹ محمد ناصر احمد (سابق کارپوریٹر)، شفا ترنم عبدالروف، مسکان ناز سید واجد، الکسری سمیہ گل فاشن سرحان، محمد الطاف حسین محمد یوسف، سائمہ خانم محمد عمران خان، محمد مسعود احمد خان، ارشد اے گنیم، شمیم بیگم اے حفیظ، رحیم احمد خان(AIMIM ) اور انصار احمد خان (AIMIM ) شامل ہیں۔
عوامی نمائندوں نے امید ظاہر کی ہے کہ مہاوترن حکام اس معاملے کی سنجیدگی کو سمجھتے ہوئے فوری اقدامات کریں گے تاکہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔




