مغربی بنگال میں ریکارڈ ووٹر ٹرن آؤٹ پرآل انڈیاملی کونسل کا خیرمقدم
اہل بنگالہ نے خوف کے ماحول میں جمہوری حوصلے اور جرأت کا بے مثال مظاہرہ کیا

نئی دہلی، 25؍اپریل (پریس ریلیز) : آل انڈیا ملی کونسل مغربی بنگال کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہے کہ انہوں نے 152 اسمبلی حلقوں میں پولنگ کے پہلے مرحلے کو کامیابی کے ساتھ انجام دیا۔ اہل بنگالہ لائقِ ستائش ہیں کہ انہوں نے ایک بڑے اور تاریخی ووٹر ٹرن آؤٹ کے ساتھ مجموعی طور پر پرامن انتخابی عمل کو یقینی بنایا۔ اگرچہ جمہوریت میں ہر انتخاب اہم ہوتا ہے، لیکن موجودہ اسمبلی انتخابات غیر معمولی حالات میں ہو رہے ہیں، خاص طور پر انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی (SIR) کے سبب رائے دہندگان کے حقِ رائے دہی سے محرومی کے خدشات کے پس منظر میں، جس نے ان انتخابات کو مزید اہم بنا دیا ہے۔
ہم سب جانتے تھے کہ یہ انتخابات غیر معمولی حالات میں منعقد ہو رہے ہیں۔ اس کے باوجود 92 فیصد سے زائد ریکارڈ ووٹنگ، اور بعض پولنگ بوتھس پر تقریباً مکمل شرکت،جن میں بوتھ نمبر 238 پر غیر معمولی 99.6 فیصد ووٹنگ شامل ہے،ان انتخابات کی غیر معمولی نوعیت کو واضح کرتی ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔بوتھ نمبر 238، جہاں 121 ہندو اور 415 مسلم ووٹرز شامل تھے، بین المذاہب ہم آہنگی اور جمہوری شرکت کی ایک شاندار مثال بن کر سامنے آیا، جہاں 99.6 فیصد ووٹنگ نے مذہبی تفریق سے بالاتر ہو کر عوامی شرکت کا بھرپور اظہار کیا۔ ہم تمام طبقات کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ریاست کی سیکولر قوتوں، بشمول ملی کونسل، کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے بڑی تعداد میں باہر آکر بے خوف ووٹ دیا، SIR سے متعلق خدشات کو دور کیا، اپنے جائز حقِ رائے دہی کا استعمال کیا اور ممتا بنرجی کی قیادت کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا۔
آزادی کے بعد ممکنہ طور پر سب سے زیادہ ووٹر ٹرن آؤٹ کے ساتھ یہ لمحہ کئی اعتبار سے تاریخی ہے۔ جیسا کہ ہم جانتے ہیں، ووٹ عوام کی آواز ہے۔ یہ غیر معمولی شرکت نہ صرف’’عوام کی حکومت، عوام کے ذریعے، عوام کے لیے‘‘ کے آئینی اصول کی توثیق ہے بلکہ یہ اس بات کا مضبوط اظہار بھی ہے کہ آج ووٹ دینا اپنی شہریت اور وابستگی کے حق کا عملی ثبوت بن چکا ہے۔SIR کا پورا عمل، جس نے لاکھوں جائز ووٹرز کو اپنی شہریت ثابت کرنے پر مجبور کیا، بظاہر ’’دیگر بنانے‘‘ اور حاشیے پر ڈالنے کی ایک کوشش معلوم ہوتا ہے، جو CAA اور NRC جیسے اقدامات کی یاد دلاتا ہے۔ تاہم، عوام نے غیر معمولی تعداد میں ووٹ دے کر اس خوف کو ختم کر دیا ہے۔
آل انڈیا ملی کونسل عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے کہ انہوں نے نہ صرف جمہوری جرأت کی ایک بے نظیر مثال قائم کی بلکہ خوف کے ماحول کو ایک مثبت نتیجے میں تبدیل کر دیااور ایسے ووٹرز پیدا کیے جو زیادہ باخبر، زیادہ بے خوف اور زیادہ پُرجوش ہیں۔ یہ ملک کی جمہوری صحت کے لیے نہایت حوصلہ افزا علامت ہے۔ہمیں یقین ہے کہ بنگال کے عوام نے شعوری طور پر ووٹ دیا ہے،اپنی بنگالی شناخت کے تحفظ کے لیے، سیکولر سیاسی قوتوں کو مضبوط بنانے کے لیے، منصفانہ اور مساوی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے، اور ممتا بنرجی کو ایک مضبوط مینڈیٹ کے ساتھ ریاست کی خدمت کا ایک اور موقع دینے کے لیے۔
ملی کونسل کو یہ امید بھی ہے کہ اپنی تیسری مدتِ اقتدار میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی SIR کے ذریعے ناموں کے اخراج کے مسئلے کو سنجیدگی سے اٹھائیں گی اور ایک مضبوط اور منصفانہ قانونی نظام قائم کریں گی تاکہ تمام جائز طور پر خارج کیے گئے ووٹرز کے نام انتخابی فہرستوں میں بحال کیے جا سکیں۔ مزید یہ کہ ریاست بھر میں مذہبی خطوط سے بالاتر ہو کراقلیتوں کے خدشات نئے عزم کے ساتھ حل کیے جائیں، اور ان کے تحفظ، شمولیت اور مساوی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔
اسی کے ساتھ آل انڈیاملی کونسل یہ توقع بھی ظاہر کرتی ہے کہ اس وسیع جمہوری عمل کا نتیجہ عوام کی حقیقی خواہشات کی منصفانہ اور شفاف عکاسی کرے۔ ماضی کے تجربات کی روشنی میں کچھ خدشات باقی ہیں، جیسے پولنگ اور گنتی کے درمیان طویل وقفہ، ای وی ایم مشینوں کی منتقلی اور حفاظت سے متعلق اندیشے، اور ووٹوں کی گنتی کے عمل کی شفافیت۔ لہٰذا ٓل انڈیا ملی کونسل حکام سے اپیل کرتی ہے کہ ای وی ایمز کی محفوظ دیکھ بھال، پولنگ مراکز سے گنتی مراکز تک محفوظ منتقلی، اور شفاف گنتی کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔
مختلف سیاسی جماعتوں،بشمول وہ جماعتیں جن کے انتخابی امکانات مختلف ہو سکتے ہیں، جیسے بائیں بازو کی جماعتیں اور کانگریس،کی شرکت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ملک کے جمہوری نظام پر سب کا مشترکہ اور پائیدار یقین قائم ہے۔جب مغربی بنگال 29؍ اپریل کو دوسرے اور آخری مرحلے کی طرف بڑھ رہا ہے، جس میں 142 اسمبلی حلقے شامل ہیں، AIMC ایک بار پھر تمام طبقات اور مذاہب کے ووٹرز سے اپیل کرتی ہے کہ وہ پہلے مرحلے کی طرح بڑی تعداد میں نکل کر ووٹ دیں۔ یہ انتخابات عوام کے جمہوریت پر اعتماد، اپنے حقوق کے اظہار، اور ریاست کے مستقبل کو سنوارنے کے اجتماعی عزم کی ایک مضبوط علامت بنیں۔




