شہر

ناندیڑ شہر کے مختلف مسائل پر اہم میٹنگ، MPJ سمیت کئی تنظیموں کے متحدہ وفد کی میونسپل کمشنر سے ملاقات

ناندیڑ: موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس MPJ ناندیڑ اور مراٹھواڑہ لوک وکاس سمنوئے سنگھرش سمیتی، ناندیڑ کے ذمہ داران کی جانب سے آج 5 مئی 2026 کو شہر کے میونسپل کمشنر کے ساتھ ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔ یہ نشست شام 4 بجے سے شروع ہو کر ساڑھے 6 بجے تک جاری رہی، جس میں شہر کے مختلف عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

میٹنگ میں موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس (MPJ) ناندیڑ کی جانب سے شہر کے اہم مسائل کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔ ایم پی جے کے نمائندوں ایس ایم صمیـم اور اظہر خان نے پانچ اہم نکات کمشنر کے سامنے رکھے، جنہیں کمشنر نے توجہ سے سنا اور ان پر سنجیدگی سے غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

پہلا مسئلہ گردوارہ علاقہ میں جاری سڑک کی تعمیر سے متعلق اٹھایا گیا۔ اس کام کی رفتار انتہائی سست ہونے کی وجہ سے عام شہریوں، گردوارہ کے عقیدت مندوں اور دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ وفد نے اس کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔

دوسرا اہم نکتہ صرافہ بازار کے علاقے باغبان گلی صرافہ مارکیٹ کی خستہ حال سڑکوں سے متعلق تھا، جہاں فوری طور پر نئی سڑک کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

تیسرا مسئلہ دیگلور ناکہ چورستہ پر موجود لوہے کے پل Sky Walk سے متعلق پیش کیا گیا، جس کی وجہ سے ٹریفک میں شدید رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔ وفد نے اس پل کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔

چوتھا مطالبہ اردو گھر کے قریب لگنے والے جونے بازار کو ٹیپو سلطان روڈ یا کسی اور مقام پر منتقل کرنے سے متعلق تھا، تاکہ موجودہ مقام پر بھیڑ بھاڑ اور دیگر مسائل کو کم کیا جا سکے۔

پانچواں اور نہایت اہم نکتہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری تجاوزات مخالف کارروائی سے متعلق تھا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ غریب افراد کی گاڑیاں، دکانیں اور دیگر سامان توڑنے کے بجائے ضبط کیے جائیں اور جرمانہ عائد کر کے انہیں واپس کیا جائے، کیونکہ ان چھوٹے کاروباروں پر کئی خاندانوں کا روزگار منحصر ہے۔

اس موقع پر ضلع صدر ایس ایم صمیـم اور ضلع نائب صدر اظہر خان نے نہایت مؤثر انداز میں تمام مسائل پیش کیے اور عوامی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے دیگلور ناکہ کی بڑھتی ٹریفک اور سگنل کو نظرانداز کرنے کے مسئلے پر خصوصی گفتگو کی۔

میٹنگ کے اختتام پر میونسپل کمشنر نے پیش کیے گئے تمام نکات پر سنجیدگی سے غور کرنے اور مناسب کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!