ضلع ناندیڑ میں جلوس اور اسلحہ رکھنے پر پابندی کا حکم نافذ

ناندیڑ، 13 اکتوبر: ضلع ناندیڑ میں 14 اکتوبر 2025 کی صبح 6 بجے سے لے کر 28 اکتوبر 2025 کی نصف شب تک اسلحہ بندی (ہتھیار رکھنے پر پابندی) اور اجتماعات پر پابندی (جلوس و مجمع پر پابندی) نافذ رہے گی۔ اس سلسلے میں اطلاع ضلع کے ایڈیشنل کلکٹر کے دفتر سے جاری کی گئی ہے۔
ضلع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے مقصد سے ایڈیشنل کلکٹر نے مہاراشٹر پولیس ایکٹ 1951 کی دفعہ 37 (1) اور (3) کے تحت یہ حکم نامہ جاری کیا ہے۔ اس کے تحت پانچ یا اس سے زائد افراد کے کسی بھی عوامی مقام یا اس کے آس پاس اکٹھا ہونے، جلوس نکالنے، نعرے بازی کرنے یا عوامی مظاہرے کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
یہ حکم ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران، سرکاری ملازمین، شادی، جنازے، مذہبی اجتماعات، یاترا یا مجاز افسران کی خصوصی اجازت سے منعقد ہونے والی ریلیوں پر لاگو نہیں ہوگا۔
ایسی ریلیوں یا اجتماعات کے انعقاد کی اجازت دینے کا اختیار ضلع کے پولیس اسٹیشن انچارج افسران اور پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ کی جانب سے مجاز قرار دیے گئے دیگر پولیس افسران کو حاصل رہے گا۔




