حضرت مولانا سید سلمان الحسینی ندویؒ کے سانحۂ ارتحال پرآل انڈیا ملی کونسل کا تعزیت

نئی دہلی، 30؍ جون(پریس ریلیز) : آل انڈیا ملی کونسل نے ملک کے مایہ ناز عالم دین و خطیب حضرت مولانا سید سلمان الحسینی ندوی کے سانحہء ارتحال پر تعزیت کا اظہارکیا ہے اور پسماندگان، متعلقین و منتسبین نیز اہل خاندان کے تئیں اظہارِ ہمدردی و تعزیت بھی پیش کی ہے۔ کونسل سے جاری تعزیتی پریس بیان میں آل انڈیا ملی کونسل کے کارگزار صدر و معروف عالم دین، مولانا انیس الرحمن قاسمی نے کہا کہ حالیہ کچھ دنوں کے اندر ملک و ملت کی متعدد اہم شخصیات ہم سے جدا ہوگئیں اور اہم ایسے قابل ذکر علماء و بزرگوں کی خدمات سے یکسر محروم ہوگئے۔

کونسل کے کار گزار صدر مولانا انیس الرحمن قاسمی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ غم و اندوہ سے بھری یہ خبر ہے کہ زبان اردو کے ساتھ عربی صحافت کی دنیا کا ایک عظیم انسان، عالم اسلام کے نامور عالم دین و و دار العلوم ندوۃ العلماء کے سابق استاذِ حدیث، حضرت مولانا سلمان ندویؒ اب ہمارے درمیان نہیں رہے اور آج قبل نماز فجر اس دار فانی سے عالم جادوانی کو رخصت فرما گئے۔ بلاشبہ آپ کی شخصیت اور آپ کی مجموعی صلاحیتوں کا اپنا انفرادتھا جس سے ہم محروم ہوگئے۔
ملت اسلامیہ ہندیہ کا یہ ایک عظیم خسارہ ہے۔ آپ متعدد کتابوں کے مصنف، مؤلف و مرتب رہے، سیرت نبوی، تاریخ اسلام نیز بین الاقوامی اسلامی تعلقات و دعوتی موضوعات پر آپ کی خدمات چار دانگ عالم میں معروف تھیں جن کا اعتراف ملک و بیرون ملک کیا جاتا رہا۔آل انڈیا ملی کونسل کے آپ مرکزی رکن تاسیسی تھے اور ابتداً کونسل کی کئی مجالسِ عاملہ و دیگر پروگراموں میں آپ کی شرکت رہی۔ ہم آل انڈیا ملی کونسل کی طرف سے آپ کی اچانک رحلت پر سوگوار ہیں اور ان کے حق میں دعائے مغفرت کرتے ہیں۔
دعاء ہے کہ اللہ رب عز و جل ان کی لغزشوں کو در گزر فرمائے اور انہیں اعلیٰ عیلیین میں جاگزیں کرے۔ ہم اس موقع پر اپنے سبھی اداروں و تنظیموں کے متعلقین کے ساتھ بھی اپنے تعلق کا اظہار کرتے ہوئے ان سب کے تئیں بھی اظہار رنج و ملال کرتے ہیں۔





