بریکنگ نیوز: مہاراشٹر TET امتحان عین ایک دن پہلے ملتوی، بھیونڈی میں پیپر لیک کا سنسنی خیز انکشاف!

✍️ محمد عبدالباری سر / مہاراشٹر اسٹیٹ کونسل آف ایگزامینیشن (MSCE) نے کل، 28 جون 2026 کو ریاست بھر میں ہونے والا ٹیچر ایلیجبلٹی ٹیسٹ (TET) عین ایک دن پہلے ملتوی کر دیا ہے۔ یہ بڑا فیصلہ بھیونڈی میں پیپر لیک ہونے کی باضابطہ تصدیق کے بعد لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، محکمہ تعلیم نے NEET کے حالیہ تنازعات کے پیش نظر اس بار سخت حفاظتی انتظامات کیے تھے۔ تاہم، آج علی الصبح بھیونڈی پولیس کو ایک خفیہ اطلاع ملی جس کی بنیاد پر ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا۔ چھاپے کے دوران کچھ افراد کے پاس سے مشکوک سوالنامے برآمد ہوئے۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کونسل کے اعلیٰ افسران کو فوری طور پر موقع پر طلب کیا گیا۔ افسران نے جب برآمد شدہ مواد کی جانچ کی تو اس بات کی تصدیق ہو گئی کہ ملزمان کے پاس موجود سوالات کل ہونے والے پرچے سے ہی لیے گئے ہیں۔
اس انکشاف کے فوراً بعد بھیونڈی پولیس اسٹیشن میں ملزمان کے خلاف FIR درج کر لی گئی ہے اور معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ کونسل کا واضح کہنا ہے کہ امتحان میں کسی بھی قسم کی دھاندلی برداشت نہیں کی جائے گی، اور چونکہ شفافیت پہلی ترجیح ہے، اس لیے معاملے کی مکمل چھان بین ہونے تک امتحان کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
امتحان کی نئی تاریخ کا باضابطہ اعلان جلد ہی محکمہ کی آفیشل ویب سائٹ پر کیا جائے گا۔ اس اچانک فیصلے سے ریاست بھر کے ہزاروں امیدواروں میں بے چینی پائی جا رہی ہے، تاہم کونسل نے طلباء سے افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل کی ہے۔۔`




