پونے میں شیخ منیر سر میموریل پروگرام کا شاندار انعقاد۔۔
40 برسوں کے تمام سابقہ شاگردوں کا اپنےاستاذ کو زبردست خراج عقیدت ۔۔

پونے(محمد مسلم کبیر) پونے گورنمنٹ اُردو ڈی ایڈ کالج کے فعال اور ہر دل عزیز استاذ مرحوم شیخ منیر سر کی یاد میں اعظم کیمپس، پونے میں منعقد ہ "منیر سر میموریل پروگرام” نہایت شاندار، جذباتی اور تاریخی ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔ یہ تقریب ایک یادگار اجتماع ثابت ہوئی جسے شرکاء مدتوں یاد رکھیں گے۔
کلثوم منیر سر میموریل فاؤنڈیشن کی جانب سے تمام شرکاء کو شال اور یادگاری نشان (Memento) پیش کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ شریک مہمانوں کے لیے بہترین ضیافت اور انتظامات کیے گئے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ اس موقع پر مرحوم منیر سر کے فرزند رضوان صاحب کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا، جنہوں نے تمام سابق طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے بھائی چارے، محبت اور پرانی یادوں کو دوبارہ تازہ کرنے کا قابلِ تحسین کام انجام دیا۔اس موقع پر انیس کٹی ،ڈاکٹر مشتاق شیخ، رمیش چوہان( ایجوکیشن آفیسر پنویل) خان نوید الحق (اسپیشل اُردو افسر، بال بھارتی) اور مبارک جمعدار بحیثیت مہمانان خصوصی موجود تھے۔
اس پروگرام کی سب سے منفرد اور جذباتی خصوصیت یہ تھی کہ اس نے تقریباً 39 سے 40 سال قبل کے بچھڑے ہوئے ساتھیوں اور ہم جماعتوں کو ایک چھت کے نیچے جمع کر دیا۔ اتنے طویل عرصے بعد پرانے دوستوں کا ایک دوسرے سے ملنا ایک ناقابلِ یقین منظر تھا، جس نے ماضی کی خوشگوار یادوں کو تازہ کر دیا۔ شرکاء نے کہا کہ یہ پروگرام تمام طلبہ کے لیے ایک عظیم تحفہ اور یادگار لمحہ ثابت ہوا۔ پروگرام کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے رہنما حاجی سلیم خان پٹھان سر کو بھی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جن کی رہنمائی، تعاون اور محنت سے یہ تقریب بھرپور کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔
پروگرام میں لاتورکے فعال تعلیمی شخصیت سلیم الند سر نے بھی اپنے استاد کی یادوں کو پیش کیا۔اختتام پر مرحوم منیر سر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کی تعلیمی، سماجی اور اخلاقی خدمات کو یاد کیا گیا، اور اُن کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔




