کنوٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے 16 سالہ شیخ راشد جاں بحق، گاؤں میں کہرام

کنوٹ (اکرم چوہان): کنوٹ سے متصل موضع چکھلی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں آسمانی بجلی گرنے سے 16 سالہ نوجوان شیخ راشد کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ شیخ راشد موضع چکھلی کے نائب سرپنچ کا فرزند تھا اور دسویں جماعت کا طالب علم تھا۔
اطلاعات کے مطابق آج دوپہر علاقے میں زوردار بارش ہورہی تھی۔ اسی دوران شیخ راشد اپنے تین دوستوں کے ساتھ گھر کی چھت پر کھیل رہا تھا۔ اچانک آسمان میں گرج چمک کے ساتھ زور دار آواز آئی اور بجلی سیدھی شیخ راشد کے جسم پر آگری، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
اس حادثے میں شیخ راشد کے ساتھ موجود دیگر تین لڑکے بھی شدید خوف اور صدمے کا شکار ہوگئے، تاہم خوش قسمتی سے انہیں معمولی چوٹیں آئیں۔ واقعے کے فوراً بعد اہل خانہ اور مقامی افراد بڑی تعداد میں جائے وقوع پر پہنچ گئے۔
کم عمری میں شیخ راشد کی المناک موت کی خبر پورے گاؤں میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، جس سے ہر طرف غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔ اہل علاقہ نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
مرحوم شیخ راشد کی نماز جنازہ آج شام نماز مغرب کے بعد ادا کی جائے گی، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔




